جمعرات 8 اکتوبر 2026 - 22:31
ایران ملک بچانے کے لیے نہیں، اسلام کی حفاظت کے لیے لڑ رہا ہے: مولانا سید تہذیب الحسن رضوی

حوزہ/ مدرسہ خیر العلوم چندواٹوری میں جمعیت علماء ہند کے زیر اہتمام مجلسِ منتظمہ اور سدبھاؤنا کے عنوان سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید تہذیب الحسن رضوی نے فرزندانِ توحید کے درمیان اتحاد و اتفاق کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے مسلمانوں کی شجاعانہ تاریخ کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، ایران صرف اپنا ملک بچانے کے لیے نہیں بلکہ اسلام کی حفاظت کے لیے لڑ رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ خیر العلوم چندواٹوری میں منعقدہ اس عظیم الشان اجلاس کی صدارت جمعیت علماء جھارکھنڈ کے صدر حضرت مولوی قیام الدین مظاہری نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض مدرسہ خیر العلوم کے مہتمم مولوی دانش مظاہری نے انجام دیے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید تہذیب الحسن رضوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے ایران کی موجودہ جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے مسلمانوں کی شجاعت اور مزاحمت کی تاریخ کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا ہے، ورنہ آج مسلمان دنیا میں سر جھکائے نظر آتے۔ ان کے خطاب کو حاضرین نے سراہا اور علماء کی جانب سے ان کا بھرپور استقبال بھی کیا گیا۔

جمعیت علماء ہند کے جنرل سیکرٹری الحاج شاہ عمیر نے بھی اپنے خطاب میں باہمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی جمعیت علماء ہند کے جنرل سیکرٹری مولوی کلیم الدین نے کہا کہ مسلمانوں میں تعلیمی پسماندگی ایک بڑا مسئلہ ہے اور نئی نسل کا عربی و اردو زبان سے دور ہونا تشویش ناک ہے، اس جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انتشار نہیں بلکہ اتحاد اور اجتماع کا مذہب ہے۔

مولوی ڈاکٹر سلمان قاسمی نے کہا کہ دشمن کا مقابلہ اسی وقت ممکن ہے جب مسلمان متحد ہوں، جبکہ مولوی طلحہ ندوی اور مولوی اصغر مصباحی نے بھی علماء اور مسلمانوں سے اتحاد مضبوط کرنے کی اپیل کی۔

اجلاس میں مولوی آزاد، مولوی مفتی انور قاسمی، مولوی اسرار الحق قاسمی، مولوی منہاج الدین مصباحی، مولوی قاضی عزیر قاسمی سمیت متعدد علماء شریک ہوئے۔ چترا کے پولیس کمشنر، تھانہ انچارج اور برادرانِ وطن نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب، باہمی بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور ذمہ داران کی جانب سے انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ آخر میں کنونشن کے ذمہ داران نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha